کراچی میں ریکارڈ بارش، محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

کراچی میں ریکارڈ بارش، محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
کیپشن: کراچی میں ریکارڈ بارش، محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کئی شہروں میں بارش کے نئے ریکارڈ بھی قائم ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں اپریل کے دوران بارش نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر 38.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے اپریل 1985 کا 37 ملی میٹر بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ موہن جودڑو میں 60 ملی میٹر بارش نے 31 سال پرانا ریکارڈ ختم کر دیا۔

محکمہ کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش کے امکانات ہیں۔ اسی طرح میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، لاہور، اوکاڑہ، قصور، لیہ اور بھکر میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان اور مالاکنڈ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، خیبر، اورکزئی، صوابی اور چارسدہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اسسٹنٹ کمشنرز نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشوں کا سلسلہ 5 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News