’پنجاب کی وزرات اعلیٰ مل گئی، اور کچھ نہیں چاہیے‘

’پنجاب کی وزرات اعلیٰ مل گئی، اور کچھ نہیں چاہیے‘
وزیراعلی‌پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی مونس الہی‌نے اپنے ٹؤئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ آج انہیں یقین دلایا کہ وہ ہمیں پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنا چکے ہیں اور مزید کچھ نہیں چاہیے۔ عمران خان دوسرے مرحلے میں کابینہ میں ق لیگ کے ارکان کی شمولیت کے حوالے سے کافی مہربان تھے۔ اس سے قبل پنجاب کابینہ میں ق لیگ میں کسی ایک کو بھی وزیر نہ بنانے سے متعلق سوال پر پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنا دیا، کافی ہے، اب ہمارے اور پی ٹی آئی میں بکاؤ مال ختم ہو گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب کابینہ میں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے وزراء کو ملنے والے محکموں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت، میاں اسلم اقبال ہاؤسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے۔ میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس اسکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔ علی افضل ساہی وزیر مواصلات، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل، راجا بشارت وزیر پارلیمانی امور، پراسیکوشن اور کوآپریٹو جبکہ نوابزداہ منصور محکمہ مال کے وزیر ہوں گے۔ پنجاب کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر محکمے کے وزیر ہوں گے۔ سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو اسٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے۔ منیب سلطان چیمہ ٹرانسپورٹ، علی عباس شاہ فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف، سردار ہاشم ڈوگر محکمہ داخلہ، سردار آصف نکئی محکمہ ایکسائز جبکہ راجا یاسر ہمایوں ہایئر ایجوکیشن اور خرم شہزاد ورک محکمہ قانون کے وزیر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی کابینہ میں حسین جہانیاں گردیزی محکمہ زراعت کے وزیر ہوں گے۔ اس کے علاوہ احمد اویس کو دوبارہ پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ مسرت جمشید چیمہ کو وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی بنایا جائے گا، انہیں اطلاعات کا محکمہ دیے جانے کا امکان ہے۔ ارسلان خالد کو بھی وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایا جائے گا اور انہیں آئی ٹی کا محکمہ دیا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔