ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے قومی ٹیم کے عزم، محنت اور ٹیم ورک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کر کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جیت قومی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ امید ہے کہ قومی ٹیم آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرتے رہے گی۔ جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم ورک اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ امید ہے کہ ٹیم کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ 190 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز 60 جبکہ شیرفین ردرفورڈ 51 بنا کر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی، محمد نواز، حارث روف، صائم ایوب اور سفیان مقیم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔