آج سے موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

آج سے موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی
کیپشن: آج سے موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 7 اگست کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہوں گی جو بعض مقامات پر بادل پھٹنے اور نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت کا سبب بن سکتی ہیں۔

اس دوران اتوار کی رات وفاقی دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ کراچی میں بھی کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 6 اگست کو بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بھی موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں جن سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

سندھ کے ساحلی علاقوں، خصوصاً ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے، سمندری ہوائیں چلنے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی یا ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ماہرینِ موسم کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ اگلے چند روز تک ملک کے بالائی حصوں کو متاثر کرتا رہے گا، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے پر اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ اضافی پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جا سکے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب بدستور موجود ہے، لہٰذا نزدیکی نشیبی آبادیوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ طور پر محفوظ مقامات پر منتقل رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں اور ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو حکام سے فوری رابطہ کریں۔

Watch Live Public News