ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ شرمین حنا رضوی نے پہلی بار سوشل میڈیا پر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اپنے شوہر عمار احمد خان سے علیحدگی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔ اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں بتایا کہ اگرچہ دونوں نے باہمی رضامندی سے فی الحال الگ رہنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم تاحال طلاق کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اپنے جذباتی پیغام میں حنا رضوی نے لکھا کہ وہ یہ اعلان دل پر بوجھ کے ساتھ کر رہی ہیں کہ وہ اور ان کے شوہر اپنی شادی کے مستقبل کے بارے میں غور و فکر کے لیے کچھ وقت لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اس مشکل دور میں ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور سوشل میڈیا پر منفی تبصروں سے گریز کیا جائے کیونکہ شادی جیسے تعلق میں موجود حقیقی صورتِ حال صرف وہی دو لوگ سمجھ سکتے ہیں جو اس رشتے کا حصہ ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور وہ دونوں شدید ذہنی اور جذباتی دباؤ میں ہیں، اس لیے مداحوں سے گزارش ہے کہ وہ مثبت دعاؤں میں یاد رکھیں اور کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں یا منفی ریمارکس سے گریز کریں تاکہ وہ پرسکون ماحول میں اپنی آئندہ زندگی کے حوالے سے سوچ سکیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شرمین حنا رضوی نے کچھ روز قبل اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر ایسے پیغامات شیئر کیے تھے جن سے ان کی ازدواجی زندگی میں دراڑوں کا تاثر مل رہا تھا، تاہم اب انہوں نے برملا اس علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر جلد بازی میں کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکارہ کی ہمت اور صاف گوئی کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ ان کے مداح اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ یہ جوڑا اس صورتحال کو مثبت انداز میں حل کر لے گا۔