''ڈولے چیک کرو'': جیل میں عمران خان کا اپنے وکیل سے دلچسپ مکالمہ

''ڈولے چیک کرو'': جیل میں عمران خان کا اپنے وکیل سے دلچسپ مکالمہ
کیپشن: ''ڈولے چیک کرو'': جیل میں عمران خان کا اپنے وکیل سے دلچسپ مکالمہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اس وقت توشہ خانہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں سزا کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں ان کی روزمرہ سرگرمیوں اور مزاج سے متعلق مختلف انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، عمران خان جیل میں بھی اپنی صحت اور فٹنس کا خاص خیال رکھ رہے ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے باقاعدہ ورزش کے لیے ڈمبلز منگوائے ہیں۔

صحافی اجمل جامی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ان کی ملاقات پی ٹی آئی کے ایک وکیل سے ہوئی، جو متعدد بار عمران خان سے جیل میں ملاقات کر چکے ہیں۔ اجمل جامی کے مطابق جب انہوں نے وکیل سے پوچھا کہ عمران خان جیل میں کس طرح وقت گزار رہے ہیں، تو وکیل نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ سب سے پہلے خان صاحب نے پانچ کلو کے ڈمبل منگوائے تاکہ وہ روزانہ ورزش کر سکیں۔

کچھ دن بعد، عمران خان نے 5 کلو وزن کو ناکافی قرار دیتے ہوئے 10 کلو کے ڈمبلز کی خواہش ظاہر کی، جو انہیں فراہم کر دیے گئے۔ اگلی ملاقات میں جب وکیل جیل پہنچا تو عمران خان ٹی شرٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس تھے، جو بظاہر ورزش کے بعد کا منظر پیش کر رہا تھا۔ اسی ملاقات میں عمران خان نے ہنستے ہوئے وکیل سے کہا: ’میرے ڈولے چیک کرو، دیکھو 10 کلو کے ڈمبلز کا اثر!‘

یہ واقعہ نہ صرف عمران خان کے فٹنس سے لگاؤ کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ان کے جیل میں مصروف، نسبتاً متحرک اور پُرامید رویے کی جھلک بھی پیش کرتا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ ریفرنس میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ دیگر کیسز میں بھی سزا پا چکے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق، انہیں بی کلاس کی وہ تمام سہولیات میسر ہیں جو کسی بھی قیدی کو قانونی طور پر حاصل ہوتی ہیں، جن میں معیاری خوراک، اخبار و کتب، واک، اور ورزش کا وقت شامل ہے۔

Watch Live Public News