(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ایک سرکاری اسکول کے انگریزی کے استاد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ Eleven یعنی گیارہ کا لفظ لکھنے میں بھی غلطیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ استاد کو بلیک بورڈ پر ’Eleven‘ (گیارہ) لکھنے کو کہا گیا، مگر وہ ’Aivene‘ لکھتے ہیں۔ اسی طرح ’Nineteen‘ (انیس) کی جگہ ’Ninithin‘ لکھ دیا۔ جب اسکول میں موجود انسپکشن ٹیم نے ان سے ان غلطیوں کی نشاندہی کی تو استاد نے جواب دیا کہ "ہم بچوں کو یہی پڑھاتے ہیں"۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے اور صارفین بھارتی تعلیمی نظام اور خاص طور پر سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی قابلیت پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، تاہم اب تک اس پر کوئی باضابطہ حکومتی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سفارشی بنیادوں پر ہونے والی ناقص بھرتیاں ہی بھارت کے تعلیمی نظام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔