زخمی کندھے کے باوجود کرس ووکس میدان میں اتر آئے، شائقین کا زبردست خراج تحسین

زخمی کندھے کے باوجود کرس ووکس میدان میں اتر آئے، شائقین کا زبردست خراج تحسین

(ویب ڈیسک ) کرس ووکس نے انجری کے باوجود بھارت کے خلاف اوول میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ میچ کے آخری دن میدان میں اتر کر سب کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق  کندھے کی شدید چوٹ کے باوجود، جب انگلینڈ کو فتح کے لیے صرف 35 رنز درکار تھے اور محمد سراج کے تباہ کن اسپیل نے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا، ووکس نے اپنی ٹیم کو بچانے کے لیے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے دن کندھا اُکھڑ جانے کے بعد وہ باقی میچ میں حصہ نہ لے سکے اور پہلی اننگز میں بھی بیٹنگ نہیں کی، لیکن جیسے ہی نویں وکٹ گری، وہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کے لیے میدان میں آ گئے۔ ان کے کندھے پر پٹی بندھی ہوئی تھی اور بازو کو سویٹر کے اندر چھپایا گیا تھا۔ اوول کے تماشائیوں نے ان کی جرأت کو کھڑے ہو کر خراج تحسین پیش کیا۔

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے میچ کے بعد کہا "جب حالات اُس نہج پر پہنچے، ووکسی ( کرس ووکس) کے ذہن میں کوئی شک نہیں تھا کہ وہ بیٹنگ کریں گے۔ وہ کل دن بھر یہی سوچتے رہے کہ کس ہاتھ سے بیٹنگ کریں۔ ہمارے کھلاڑی پہلے بھی ٹوٹے ہاتھوں اور پاؤں کے ساتھ کھیل چکے ہیں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا ان کے لیے کتنا اہم ہے۔"

اگرچہ ووکس کو کوئی گیند کھیلنے کا موقع نہیں ملا، لیکن ان کی موجودگی سے انگلینڈ میچ جیتنے کے بہت قریب پہنچ گیا۔ بالآخر انگلینڈ صرف 6 رنز سے ہار گیا، محمد سراج نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

 اس سے  قبل رشبھ پنت بھی فریکچر زدہ پاؤں کے ساتھ بیٹنگ کر چکے ہیں اور مانچسٹر ٹیسٹ میں نصف سنچری بنا چکے ہیں۔

Watch Live Public News