ویب ڈیسک: پاکستان کے دفتر خارجہ نے امریکی شہر ڈیلاویئر میں گرفتار ہونے والے شخص لقمان خان کی پاکستانی شہریت کی خبر کی تردید کر دی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ لقمان خان پاکستانی نہیں، بلکہ افغان شہری ہیں۔
اس سے قبل 25 سالہ لقمان خان کی گرفتاری 24 نومبر کی رات عمل میں آئی تھی۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس نے کینبی پارک ویسٹ میں ایک ٹرک کو روکا جس میں لقمان خان موجود تھا، اور اس نے گاڑی سے باہر نکلنے کے احکامات کی خلاف ورزی کی تھی۔ مزاحمت پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، لقمان کے ٹرک سے پستول، میگزین، اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کی منصوبہ بندی کی دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ، ایف بی آئی نے 25 نومبر کو لقمان خان کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے مزید اسلحہ برآمد کیا۔
امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے، اور اس نے پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔