(ویب ڈیسک ) ایک چینی روبوٹ نے حال ہی میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، روبوٹ نے مسلسل چلتے ہوئے 106.28 کلومیٹر کا فاصلہ 3 دن میں طے کیا۔
چینی روبوٹکس کمپنی AgiBot کے انسان نما روبوٹ A2 نے یہ ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیا، جس دوران اس نے مصروف شہری سڑکوں اور پلوں سمیت مختلف ماحول میں چلتے ہوئے تین دنوں میں 106 کلومیٹر سے زائد فاصلہ طے کیا۔
روبوٹ نے اپنا تاریخی سفر 10 نومبر کی رات کو صوبہ جیانگ سو کے شہر سوزو سے شروع کیا اور 3 دن تک چلتے ہوئے 13 نومبر کی صبح شنگھائی پہنچا۔ اس نے مجموعی طور پر 106.286 کلومیٹر چل کر انسان نما روبوٹ کے سب سے طویل مسلسل چلنے کے ریکارڈ میں اپنے نام کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس طویل سفر کے دوران روبوٹ میں کوئی خرابی پیدا نہیں ہوئی—صرف اس کے ربڑ کے تلوے سفر کی تھکن کا شکار ہوئے۔
کمپنی AgiBot کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ چیلنج کمپنی کی روبوٹک ٹیکنالوجی کی قابلِ اعتماد کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
اگرچہ لگتا ہے کہ ایک ہیمینوئڈ روبوٹ کا ایک ہی بیٹری چارج پر 100 کلومیٹر سے زائد چلنا ناممکن ہے، لیکن کمپنی نے اس کے لیے "ہاٹ سوئیپ ایبل بیٹری" سسٹم استعمال کیا، جس کی مدد سے روبوٹ بیٹری تبدیل ہونے کے دوران بھی چلتا رہا۔
AgiBot کےسینئر نائب صدر وانگ چوانگ نے فخر سے کہا کہ “سوزو سے شنگھائی تک ایک ہی بار میں چل کر جانا زیادہ تر انسانوں کے لیے بھی مشکل ہے، لیکن ایک روبوٹ نے یہ کر دکھایا۔”