بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری 

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری 
کیپشن: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری 

ویب ڈیسک: مکران میں7 گھنٹے تک ہونے والی بارش سے دریائے سامی میں طغیانی آگئی ، میرانی ڈیم  پانی سے بھر گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ تربت کے نواحی علاقے گھنہ اور ناصر آباد میں بارش اور برساتی پانی آنے سے کچے مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا جبکہ  خضدار  کے علاقے وڈھ میں آسمانی بجلی گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران تربت میں 68 ملی میٹر اور پنجگور میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔خضدار میں 22،قلات میں 11،لسبیلہ میں 9،کوئٹہ اور سبی میں 8،بارکھان میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔24گھنٹوں کے دوران آواران ،ہرنائی ،جعفرآباد ،بولان ،شیرانی ،کوہلو ،گوادر اور دالبندین میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کے بعدکیچ کور ندی اور سامی ندی میں سیلابی صورتحال رہی۔کیچ کے نواحی علاقے سامی ندی میں دوگاڑیاں پھنس گئیں۔پھنسے ہوئے  9 افراد کو ریسکیو کرنے  کے لیے ایف سی اور پی ڈی ایم اے نے مشترکہ آپریشن کیا ۔ دریائے سامی میں پھنسے  شہریوں کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔