ویب ڈیسک: مراکش میں پیش آئے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے،سفارتی ذرائع کے مطابق لاشوں کی شناخت کے دوران ان کا تعلق پاکستان سے ثابت ہوا۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ 15 جنوری کو پیش آیا تھا، جس میں 44 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات تھیں، تاہم مقامی حکام کو صرف 13 لاشیں ہی مل سکیں۔
لاشوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کی گئیں، فنگر پرنٹس اور تصاویر نادرا کو بھیجی گئیں، جس کے بعد تصدیقی عمل مکمل کر کے فہرستیں مرتب کی گئیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق لاشیں ناقابل شناخت اور بغیر کسی دستاویزات کے تھیں، جس کے باعث ان کی شناخت میں مشکلات کا سامنا رہا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ان 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی وطن واپسی کاعمل شروع کیاجائے گا، جلد شناخت شدہ لاشوں کی فہرست وزارت خارجہ کو بھجوا دی جائے گی جس کے بعد لاشوں کی واپسی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔