اووسیز  پاکستانی پاکستان کے سفیر، ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، وزیر اعظم

اووسیز  پاکستانی پاکستان کے سفیر، ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، وزیر اعظم

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا ہے کہ   بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جن کے تجربے سے ملک اور قوم کو فائدہ پہنچنا ہے۔

اوورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے ارکان سے ملاقات اور خطاب میں   وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیر مقدم کرتے ہیں، آپ ہر شعبے میں اپنی شبانہ روز محنت سے  ملک کا نام روشن کر رہے ہیں،میں، پاکستان کی حکومت اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں،بیرون ملک سے تربیت حاصل کر کے آپ ملک کے لیے بہترین خدمات سرانجام دیتے ہیں، آپ کے تجربے سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ   آپ کے عزم اور محنت کی بدولت ترسیلات زر میں تقریباً 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں، آپ  اپنے ملک میں جو سرمایہ کاری کرتے ہیں اس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے اور جب آپ جائیداد خریدتے ہیں تو اس سے پراپرٹی کے کاروبار کو  فروغ ملتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ   وزارت اعلیٰ کے دور میں ہم نے پنجاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے تھے، ایک ادارہ  بنایا تھا اور قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا تھا۔   وہ ادارہ پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز کی نگرانی میں بہترین کام کر رہا ہے، امید ہے کہ اس میں مزید بہتری آئے گی ۔

شہباز شریف نے کہا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے  میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور آپ کو آپ کا حق دلوائیں گے، آپ کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں۔  آپ نے جو معاملات اٹھائے ہیں ان کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  گرین چینل  سابق وزیراعظم نواز شریف کا بہت بڑا کارنامہ تھا اس کو فوری طور پر بحال کیا جائے گا، امید ہے کہ اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی پوری طرح ہمارا ہاتھ بٹائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے یوتھ فیسٹیول سے متعلق تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے کہوں گا کہ اس حوالے سے متعلقہ وزراء اور او پی ایف کے ساتھ مل کر ایک پلان بنائیں اور اگلے چند ماہ میں اس کا انعقاد ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے بہادر افسران اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں، 2018ء تک ملک میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گیا تھا لیکن ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں سے اس ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان میں عام شہری، ڈاکٹرز، انجینئرز  کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کے دلیر افسران، جوان اور ان کے بچے بھی شامل ہیں، تب جا کر دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ ہوا تھا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے ان کو دوبارہ پاکستان آنے دیا، اس سے بڑی پاکستان دشمنی اور کوئی ہو نہیں سکتی، کل ہی کوئٹہ کا دورہ کیا ، اس سے دو دن پہلے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر وہاں تشریف لے گئے تھے ،23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا اور اس کے ساتھ 18 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، زخمیوں کے ساتھ میری ملاقات ہوئی، ان کے حوصلے بہت بلند تھے ، یہ ہے قربانیوں کی وہ لازوال داستان ،افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں  اور پاکستان کی مائوں ،بہنوں بیٹوں اور بزرگوں نے قربانیاں دی ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں یہ دہشت گردی پھر ختم ہوگی اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہوگی اور یہ دھرتی انشاءاللہ محفوظ ہوگی کیونکہ اس کے پیچھے ہمارے باوردی جوانوں اور افسران کی قربانیاں ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قربانیاں رنگ لائیں گی۔ہم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں پاکستان میں سب سے بڑے سرمایہ کار ، ایکسپورٹر اور سب سے بڑے ٹیکس دہندگان کو ایوارڈز دیئے تھے اور انہیں سفیر عمومی بنایا تھا،وفاقی وزیر اوورسیز  پاکستانیز اور چیئرمین او پی ایف سے کہوں گا کہ دیار غیر میں  مقیم پاکستانیوں کی ایک کیٹیگری  بنائی جائے، ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفیر عمومی بنائیں گے اور انہیں بلیو پاسپورٹ بھی دیں گے۔

Watch Live Public News