ویب ڈیسک: پاکستان کا بھارت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلنے سے انکار، آئی سی سی کے لیے تشویش کا باعث بن گیا۔
پاکستان کے اس فیصلے نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کو شدید پریشانی میں ڈال دیا ہے، اور آئی سی سی نے پاکستان کو منانے کے لیے مختلف راستوں پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، آئی سی سی پاکستان سے بیک چینل بات چیت کرے گا، جس کے لیے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو ذمے داری سونپی گئی ہے۔ عمران خواجہ، جو سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے بات کریں گے اور انہیں کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
عمران خواجہ کو موجودہ صورت حال میں "پیس میکر" کا کردار ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان حکومت نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا، اور بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے ابھی تک آئی سی سی کو باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔