ویب ڈیسک: وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 حب سے متعلق انتخابی عذرداری کا فیصلہ سناتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے محمد صالح بھوتانی کو دوبارہ منتخب ایم پی اے قرار دے دیا ہے۔
اسلام آباد میں چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 39 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کے حکم کو غیر قانونی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار دیا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حسن زہری کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ری کاؤنٹنگ کا حکم دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے 20 نومبر 2024 کو یہ کارروائی کالعدم قرار دے دی تھی۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ری کاؤنٹنگ بحال کر کے علی حسن زہری کو کامیاب قرار دیا، جسے محمد صالح بھوتانی نے چیلنج کیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے علی حسن زہری کو ایم پی اے کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا اور 9 فروری 2024 کی اصل انتخابی پوزیشن بحال کر دی۔