(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کسی بھی دہشتگرد اور اس کے سہولتکار کو نہیں بخشا جائیگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کوئٹہ میں سیکیورٹی صورتحال اور داخلی سلامتی کے سیکیورٹی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے حالیہ دہشت گرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بریفنگ میں سکیورٹی فورسز کے بروقت اور جارحانہ ردِعمل سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی،کسی بھی بہانے سے تشدد اور دہشت گردی کو جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا ۔ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زخمیوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی ۔آرمی چیف نے مادرِ وطن کو غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے والے جوانوں کہ بہادری اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابقکوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔