'پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر میں اعدادوشمار و موازنہ درست نہیں'

'پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر میں اعدادوشمار و موازنہ درست نہیں'
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر میں اعدادوشمار و موازنہ درست نہیں، وائٹ پیپر سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں 32 لاکھ نوکریاں پیدا ہوئیں 55 لاکھ والا دعویٰ درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے 6 ماہ میں 3429 ارب روپے کے ٹیکس محاصل حاصل کیے، اس سال 7470 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے بھی گمراہ کر رہی ہے، ہماری برآمدات میں 5 ماہ میں 2 فیصد کی کمی آئی ہے۔ 2018 میں بجٹ خسارہ 7.6 فیصد نہیں 5.8 فیصد تھا، پی ٹی آئی کے پہلے سال میں معاشی شرح نمو 3.12 فیصد تھی، 2018 میں مہنگائی 4.7 فیصد تھی، پی ٹی آئی کے پہلے سال مہنگائی 7.3 فیصد تھی، 2018 میں شرح سود 7.5 فیصد تھا، جولائی 2019 میں پی ٹی آئی شرح سود 13.25 فیصد پر لے گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمیں بجٹ خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے، ہمارے دور میں مالیاتی خسارہ اور جاری کھاتوں کے خساروں کو کم کیا جائے گا، ہمارے دور میں 24.8 ارب ڈالر کی برآمدات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم کو بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں کیا کیا؟ ہم نے جولائی سے نومبر تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 57 فیصد کم کیا ہے، پی ٹی آئی دور میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے دور میں بھی صنعتی شعبے اور برآمد کنندہ کو سہولت دی گئیں، اب ہماری درآمدات میں 16 فیصد بہتری آئی ہے، ہمارے دور میں شرح نمو 4 فیصد سے 6.1 فیصد رہی، ہمارے دور میں جی ڈی پی میں 112 ارب ڈالر کا اضافہ کیا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں صرف 61 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، ہمارے دور میں فی کس آمدن میں 27 فیصد اضافہ ہوا، ہمارے دور میں سرمایہ کاری کی جی ڈی پی کی شرح 17.1 فیصد تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی مایوس کن رہی، اسٹاک مارکیٹ کیپیٹلائزیشن 100ارب ڈالر سے کم ہو کر30 ارب ڈالر رہ گئی، ہمارے دور میں اوسط مہنگائی 5 فیصد اور ان کے دور میں 9.7 فیصد رہی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔