دہشتگرد تنظیم کا تربت میں معصوم شہریوں پر حملہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دہشتگرد تنظیم کا تربت میں معصوم شہریوں پر حملہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ویب ڈیسک: بلوچستان کے شہر تربت میں دھماکا ہوا ہے جس میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

سکیورٹی ذرائع  کا کہنا تھا کہ   4 جنوری 2025 کو کالعدم بی ایل اے نے تربت میں ایک مسافر بس پر حملہ کیا، جان لیوا حملے میں چار معصوم شہری جاں بحق اور معتدد زخمی ہو گئے۔

اس دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے افراد میں نور خان ولد دوشمبے ساکن دشت، ضلع کیچ، عبدالوہاب ولد عظیم ساکن گوادر، اعجاز ولد زر محمد ساکن گشکور ،آواران ، لیاقت علی ولد الہندا خان ساکن ضلع صحبت پور شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری بھی بی ایل اے نے قبول کرلی ہے،اس حملے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دہشتگرد تنظیم بی ایل اے اپنے مذموم مقاصد کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

ایک جانب بی ایل اے خود کو بلوچ عوام کے حقوق کا علمبردار قرار دیتی ہے دوسری جانب ان معصوم بلوچوں کی جان کی بھی دشمن ہے، یہ حملہ بھی بی ایل اے کی منافقت کا کھلا ثبوت ہے اور ثابت کرتا ہے کہ ان کی تربیت ہی معصوم لوگوں کی جان لینا ہے۔

بی ایل اے کی بلوچ عوام کیخلاف نفرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے  کہ اس نے ایک سال میں 100 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کوشہید کیا۔

گزشتہ سال 9 نومبر کو بھی ایک خود کش حملے میں بی ایل اے نے 10 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کی جان لی، بی ایل اے  عوام دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے ہی لوگوں کے خلاف بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ان کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے تربت  میں بس میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم  دھماکے کی شدید مذمت کی، وزیراعظم کی بم دھماکے میں شہید ھونے والے افراد کے لئے درجات کی بلندی کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر اعظم نے زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم کا کہناتھا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے ، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں ، دہشت گردی کو پاکستان سے  ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔

Watch Live Public News