چین کا نیا کارنامہ: دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے ٹنل کا افتتاح کردیا

چین کا نیا کارنامہ: دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے ٹنل کا افتتاح کردیا

(ویب ڈیسک) چین نے دنیا کی سب سے طویل ایکسپریس وے  ٹنل کا افتتاح کر دیا ہے۔ تیان شان شینگلی  ٹنل، جو چین کے صوبہ سنکیانگ میں تیان شان پہاڑی سلسلے کے عین وسط سے گزرتی ہے، 22.13 کلومیٹر طویل ہے اور اسے دنیا کی سب سے لمبی ایکسپریس وے  ٹنل ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

چین نے 26 دسمبر 2025 کو دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے  ٹنل — 22.13 کلومیٹر طویل تیان شان شینگلی  ٹنل — عوام کے لیے کھول دی۔جس سے شمالی اور جنوبی سنکیانگ کے درمیان سفر صرف 20 منٹ میں ممکن ہو گیا، جو پہلے خطرناک پہاڑی سڑکوں پر کئی گھنٹوں پر محیط ہوتا تھا۔

تیان شان پہاڑی سلسلہ تقریباً 2,500 کلومیٹر تک وسطی سنکیانگ میں پھیلا ہوا ہے اور یہ خطے کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔ ماضی میں ایک حصے سے دوسرے حصے تک جانے کے لیے 4,000 میٹر تک بلند، پیچیدہ اور خطرناک راستوں سے گزرنا پڑتا تھا، جبکہ سردیوں میں یہ سڑکیں اکثر حفاظتی وجوہات کی بنا پر بند ہو جاتی تھیں۔ 

3,000 میٹر کی بلندی پر، جہاں سردیوں میں درجہ حرارت منفی 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے اور علاقہ شدید زلزلہ خیز اور پیچیدہ فالٹ زونز پر مشتمل ہے، ایک طویل ایکسپریس وے  ٹنل کی تعمیر کوئی آسان کام نہیں تھا۔ اس کے باوجود چینی انجینئرز نے یہ منصوبہ صرف 5 سال میں مکمل کر لیا۔

چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی کے انجینئر میاؤ باؤڈونگ نے چائنا ڈیلی کو بتایا کہ اس منصوبے میں نہایت جدید ٹیکنالوجیز استعمال کی گئیں، جن میں انتہائی طویل  ٹنلوں کے لیے جدید سروے اور ڈیزائن اور ذہین انجینئرنگ حل شامل ہیں۔ ظاہر ہے، اس منصوبے پر خرچ کیے گئے 5 ارب ڈالر نے بھی اس خواب کو حقیقت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Watch Live Public News