9اور10محرم کوطوفانی بارشیں،پی ڈی ایم اےنے خبردار کردیا

9اور10محرم کوطوفانی بارشیں،پی ڈی ایم اےنے خبردار کردیا
کیپشن: 9اور10محرم کوطوفانی بارشیں،پی ڈی ایم اےنے خبردار کردیا

ویب ڈیسک: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے جلوسوں اور مجالس کی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی سختی سے ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 5 جولائی سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 9 اور 10 محرم کے دوران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس تناظر میں جلوسوں کے منتظمین اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ برقی کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں،خستہ حال چھتوں پر محافل کے انعقاد سے گریز کریں،دریاؤں، برساتی نالوں اور پلوں کو عبور کرنے سے اجتناب کریں۔

علاوہ ازیں، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ایمرجنسی کی صورت میں اپنی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطے کی اپیل کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News