ویب ڈیسک: پاکستان بھر کے نوجوانوں کے لیے اسلام آباد پولیس میں ملازمت حاصل کرنے کا اہم موقع سامنے آ گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے مختلف کیٹیگریز میں 1, 712 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اگر آپ میں پاکستان کی خدمت کا جذبہ، ہمت اور دیانت داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا عزم ہے تو اسلام آباد پولیس میں شمولیت کا یہ بہترین موقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام صوبوں، علاقوں اور شہروں سے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ بھرتی کے لیے تحریری اور دیگر ٹیسٹ امیدواروں کی سہولت کے پیشِ نظر ان کے قریبی مراکز پر منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے امیدواروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی ہیں، لہٰذا اہل امیدوار اس موقع سے بروقت فائدہ اٹھائیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا واحد معیار میرٹ ہوگا۔ ان کے بقول کسی بھی قسم کی سفارش، سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش امیدوار کی فوری نااہلی کا سبب بنے گی۔