پنجاب میں ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کا آغاز، گریجویٹس کیلئے ماہانہ 1.5 لاکھ روپے وظیفہ کا موقع

پنجاب میں ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کا آغاز، گریجویٹس کیلئے ماہانہ 1.5 لاکھ روپے وظیفہ کا موقع
کیپشن: پنجاب میں ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کا آغاز، گریجویٹس کیلئے ماہانہ 1.5 لاکھ روپے وظیفہ کا موقع

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت کے محکمہ خزانہ کے زیرِ انتظام ادارہ پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P4A) نے اپنے فلیگ شپ “ ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026” کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

یہ ایک سالہ پروگرام نئے گریجویٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے عملی ماحول میں کام کا موقع فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

پروگرام کے دوران شرکاء تجربہ کار ماہرین کے ساتھ حقیقی منصوبوں (لائیو پروجیکٹس) پر کام کریں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی تجربے میں اضافہ ہوگا۔

اہلیت کا معیار:
درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر 25 سال تک ہونا ضروری ہے، جبکہ ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یا کسی معروف غیر ملکی یونیورسٹی سے 16 سالہ تعلیم مکمل ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کے تعلیمی ریکارڈ میں کم از کم 3.3 CGPA ہونا ضروری ہے۔ صرف پاکستانی شہری ہی اس پروگرام کے لیے اہل ہیں۔

کن شعبوں کے گریجویٹس اہل ہیں؟
فنانس، اکاؤنٹنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، پروجیکٹ مینجمنٹ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، قانون، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا اینالیٹکس، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، پبلک پالیسی، سوشل سائنسز اور نیچرل سائنسز سے تعلق رکھنے والے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔

اتھارٹی اس پروگرام کے لیے صرف 15 ینگ پروفیشنلز کا انتخاب کرے گی، تاہم نشستوں کی تعداد میں کمی یا اضافہ کا اختیار بھی محفوظ رکھا گیا ہے۔

شارٹ لسٹ امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، تاہم اس مرحلے کے لیے کوئی ٹی اے/ڈی اے فراہم نہیں کیا جائے گا۔

یہ واضح کیا گیا ہے کہ یہ پروگرام ایک سالہ تربیتی اسکیم ہے اور اسے مستقل یا کنٹریکٹ ملازمت تصور نہیں کیا جائے گا۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار درخواست فارم P4A کی آفیشل ویب سائٹ https://p4a.punjab.gov.pk/jobs سے حاصل کر کے 22 جولائی 2026 تک مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News