ویب ڈیسک: نجی ادارے ارتھ کوئیک نیوز اینڈ ریسرچ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے کراچی میں ایک شدید زلزلے کا خطرہ موجود ہے۔ ادارے کے سی ای او محمد شہباز لغاری نے اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں محسوس کیے گئے زلزلے معمولی نہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
ان کے مطابق جمعرات کی رات سے لے کر ہفتے کی رات تک کے دوران زلزلے کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، اگرچہ معمولی جھٹکے بعض اوقات بڑے زلزلے کے امکانات کو کم بھی کر دیتے ہیں۔
محمد شہباز لغاری کا کہنا تھا کہ ان کی پیش گوئیوں کا مقصد عوام میں خوف پھیلانا نہیں بلکہ پیشگی اطلاع دے کر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں ان کی تحقیق کی حوصلہ افزائی نہیں ہو رہی، جبکہ بیرون ممالک سے تعاون کی پیشکشیں موصول ہو رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا ادارہ، دنیا کا پہلا ایسا تحقیقی مرکز ہے جو زلزلوں کی پیشگی اطلاع فراہم کرتا ہے، اور اس کی کامیاب پیشگوئیوں کا ریکارڈ ان کے یوٹیوب چینل EQQN پر دستیاب ہے۔
دوسری جانب ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اتوار کی شام سے اب تک 26 زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن کا مرکز لانڈھی فالٹ لائن ہے، جو کئی دہائیوں بعد متحرک ہوئی ہے۔ ان کے مطابق فالٹ لائن اب دوبارہ معمول کی حالت میں آنے کے مرحلے میں ہے، تاہم آئندہ ایک ہفتے تک معمولی نوعیت کے جھٹکے آ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چونکہ حالیہ زلزلے کم گہرائی میں ہوئے، اس لیے ان کے جھٹکے سطح زمین پر زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔