پاکستانی سفارتی کامیابی پر بھارت مایوس، خطے میں بالادستی کا خواب چکنا چور ہوگیا، اسحاق ڈار

پاکستانی سفارتی کامیابی پر بھارت مایوس، خطے میں بالادستی کا خواب چکنا چور ہوگیا، اسحاق ڈار
کیپشن: پاکستانی سفارتی کامیابی پر بھارت مایوس، خطے میں بالادستی کا خواب چکنا چور ہوگیا، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے خطے میں بالادستی کے دعوے بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں، اور دنیا نے پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستان کی سفارتی کامیابی پر شدید مایوسی اور اندرونی اختلافات جنم لے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 19 مئی کا دورہ چین دراصل دو طرفہ تھا، لیکن چین کی درخواست پر اسے سہ فریقی اجلاس میں تبدیل کیا گیا، جس میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں جن میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں پاکستان نے بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش دہرائی، جسے دوست ممالک نے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے بھارتی جارحیت پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی اور ثابت ہو گیا کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مؤثر طریقے سے حقائق پیش کیے، اور بھارت کا "نیو نارمل" بیانیہ دنیا کے سامنے دفن ہو گیا۔ وزیر خارجہ کے مطابق، بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نے امریکا، برطانیہ اور اقوام متحدہ کے دورے کیے، جہاں پاکستان کے مؤقف کو پذیرائی ملی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ روس کے ساتھ سفارتی روابط کو بھی نظر انداز نہیں کیا گیا اور طارق فاطمی کی قیادت میں وفد کو ماسکو بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دورہ ترکی کے دوران اہم ملاقاتیں کیں، جہاں پاکستان کے بیانیے کو سراہا گیا۔ ترکی اور آذربائیجان میں عوام نے پاکستان کی کامیابی پر سڑکوں پر آ کر خوشیاں منائیں۔

وزیر خارجہ نے مزید انکشاف کیا کہ 6 مئی کو جب بھارت نے مبینہ حملہ کیا، تو پاکستان کا آپریشن روم پوری رات فعال رہا۔ سب سے پہلی کال ترکی کے وزیر خارجہ کی تھی، جس نے کشمیریوں کی حمایت کا یقین دلایا۔

اسحاق ڈار کے مطابق، ایران کے دورے میں بھی مثبت بات چیت ہوئی، ایرانی صدر نے خطے میں تجارت بڑھانے پر زور دیا۔ چین نے سی پیک کو کابل تک توسیع دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو ایک اہم پیشرفت ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر وزیر خارجہ نے واضح پیغام دیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور دفاع کا حق استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹیکنالوجی سے جنگ نہیں جیتی جاتی، بلکہ سچ اور سفارت بھی بڑے ہتھیار ہیں — اور پاکستان نے یہ دونوں کامیابی سے استعمال کیے ہیں۔

Watch Live Public News