صدارتی امیدوارمحمود خان اچکزئی کے گھر رات گئےپولیس کا چھاپہ

صدارتی امیدوارمحمود خان اچکزئی کے گھر رات گئےپولیس کا چھاپہ
کیپشن: صدارتی امیدوارمحمود خان اچکزئی کے گھر رات گئےپولیس کا چھاپہ

ویب ڈیسک:پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سربراہ اور صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس نے بلا جواز چھاپہ مارا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  کوئٹہ میں اتوار کی شب پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ پولیس کی بھاری نفری نے پارٹی کے سربراہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چھاپہ ’کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارا گیا‘ اور مبینہ طور پر چادر و چار دیواری کی پامالی کی گئی۔ پولیس نے پارٹی کے سربراہ کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار بھی کیا جن کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ تھا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی کے سربراہ نے گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف حقائق بیان کیے جس پر رات کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔

انھوں نے پارٹی کے سربراہ کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف پیر کو تین بجے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کاروائیوں سے پارٹی اور اس کی قیادت کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے۔