ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی کااجلاس ہنگامی طورپر طلب کرنے کے لئے ریکوزیشن سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب کو جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق ریکوزیشن رانا آفتاب احمد خان چیف وہپ رانا شہباز کوارڈینیٹر سنٹرل پنجاب اویس ورک احمد خان بھچر۔ معین قریشی اور حسن ذکا نیازی کی جانب سے جمع کرائی گئی،101اپوزیشن ارکان کے دستخطوں سے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔
ریکوزیشن میں امن و امان ،مہنگائی کی صورتحال کو زیر بحث لانے کے لئے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا کہاگیاہے۔ مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں کی گرفتاریوں کامعاملہ بھی اپوزیشن ایوان میں اٹھانا چاہتی ہے کارکن احمد شاہ کو مبینہ طورپر پولیس کی جانب سے تشدد کانشانہ بنانے کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایاجائے گا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمدخان اپوزیشن کی ریکوزیشن پر چودہ روز کے اندر اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے آئینی طورپر پابند ہیں۔