خطے میں کشیدگی برقرار، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 166 پروازیں منسوخ

خطے میں کشیدگی برقرار، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 166 پروازیں منسوخ
کیپشن: خطے میں کشیدگی برقرار، پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کی 166 پروازیں منسوخ

ویب ڈیسک: مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے مختلف خلیجی ممالک جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اور آج بھی مجموعی طور پر 166 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ریاض جانے والی ایک نجی فضائی کمپنی کی پرواز کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر کراچی میں اتار لیا گیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی سے دبئی، شارجہ، بحرین، دوحہ اور ابوظبی کے لیے 37 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح لاہور سے کویت، دبئی، دوحہ، ابوظبی، شارجہ اور بحرین جانے والی 32 پروازیں بھی منسوخی کی فہرست میں شامل رہیں۔

مزید برآں اسلام آباد سے بغداد، بحرین، کویت، العین، ابوظبی، دوحہ اور شارجہ کی 37 پروازیں معطل رہیں، جبکہ پشاور سے دوحہ، شارجہ، ابوظبی اور راس الخیمہ کے لیے 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

اسی طرح فیصل آباد سے دوحہ، دبئی، بحرین، شارجہ اور ابوظبی کی 16 پروازیں جبکہ ملتان سے دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابوظبی کی 18 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

ادھر کوئٹہ سے شارجہ کے لیے غیر ملکی فضائی کمپنی کی دونوں پروازیں بھی آج منسوخ کر دی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافر سفر سے قبل متعلقہ فضائی کمپنی سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کر لیں، کیونکہ حالات کے پیش نظر پروازوں کے اوقات میں مزید رد و بدل کا امکان موجود ہے۔

Watch Live Public News