ویب ڈیسک: پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان بنگلادیش کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
فخر زمان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شاندار اننگز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں بنگلادیش کے دورے سے دستبردار ہونا پڑا۔
فخر زمان مکمل فٹنس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیبلیٹیشن پروگرام کریں گے تاکہ جلد از جلد ٹیم کو دستیاب ہو سکیں۔
پاکستان ٹیم رواں ماہ بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ قومی اسکواڈ 9 مارچ کو ڈھاکا پہنچے گا، اور 10 مارچ کو پریکٹس سیشن کے بعد پہلا ون ڈے 11 مارچ کو ہوگا، دوسرا 13 مارچ اور تیسرا 15 مارچ کو شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ پاکستان کا بنگلا دیش کا جولائی 2025 کے بعد دوسرا دورہ ہوگا۔ گذشتہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی، لیکن مئی 2025 میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-0 سے جیتی تھی۔
مزید برآں، ون ڈے اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا امکان ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ بابر اعظم، صائم ایوب اور محمد نواز کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ حتمی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔