عمران خان کی 7 مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور

عمران خان کی 7 مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دہشتگردی کے 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرفیصلہ محفوظ سنا دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کی 7 مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نےعمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت عدالت میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے۔سلمان صفدر نے کہا کہ آج دن تک 140 کیسز درج ہوچکے ہیں، پٹیشنرکے علم کے مطابق ابھی تک تمام کیسز میں ضمانت لی جن کا علم ہے، جن 7 کیسز میں پیش ہورہے ہیں ان میں براہ راست ہائیکورٹ نہیں آنا چاہتے تھے، جوڈیشل کمپلیکس ضمانت لینے گئے مگر امن عامہ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق بولے کہ ہم نے کہا تھا متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے پروٹیکشن دیں گے، آپ نے ابھی تک تفتیش بھی جوائن نہیں کی، آپ کو پہلی تاریخ سے باورکرایا تھا کہ ہم صرف پروٹیکشن دیں گے۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان 7 کیسز میں ابھی بیان ریکارڈ کرانے کو تیار ہیں،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے مؤکل اسلام آباد میں موجود ہیں، تفتیشی افسران بھی یہاں ہیں، آج ہی بیان ریکارڈ کرادیں، یہ بیان اس طرح نہیں ہوگا کہ آپ ایک پیپر دے دیں، پولیس کو بیان ریکارڈ کرانے کا جو طریقہ کارہے اس کو فالو کریں۔ جسٹس عامر فارق نے کہا کہ ہم آپ کو ریلیف دینا چاہ رہے ہیں اگرآپ نہیں لینا چاہتے تو آپ کی مرضی۔ اس کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد عامر فاروق اور میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ اٹھ گیا اور ججز چیمبر میں چلے گئے تھے۔عدالت نے عمران خان کے خلاف دہشتگردی کے 7 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔