ویب ڈیسک: بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر عائد بے بنیاد الزامات اور منفی پراپیگنڈے کے خلاف پاکستانی نامور شخصیات یک زبان ہو گئیں۔ اداکاروں، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے واضح کیا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی الزام تراشیوں کو یکسر مسترد کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا کہ " پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بے جواز الزام تراشی نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ہم بھارت کے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ملک کی سالمیت کے لیے پوری قوم اور افواج متحد ہے۔"
سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے بھارت کے پراپیگنڈے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ " بھارت نے جو جھوٹا ڈرامہ رچایا، وہ اسی میں رسوا ہوا۔ اگر دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم سب یکجا ہو کر بھرپور جواب دیں گے۔"
اداکار منیب بٹ نے سوال اٹھایا کہ "بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگایا جا رہا ہے۔ بھارتی عوام کو سوال کرنا چاہیے کہ نو لاکھ فوجیوں کی موجودگی کے باوجود ایسا حملہ کیسے ممکن ہوا؟ ہم ہر صورت افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔"
سینئر اداکار اور مصور جمال شاہ نے کہا کہ "مودی سرکار نفرت کی سیاست کو ہوا دینے کے لیے جعلی حملوں کا سہارا لے رہی ہے۔ پہلگام ہماری سرحد سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہے، یہ بھارتی افواج کی ناکامی کا ثبوت ہے۔"
اداکارہ سیمی راحیل نے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، اور دشمن کی ہر چال کا جواب اتحاد سے دیں گے۔"
دفاعی ماہرین نے اس موقع پر کہا کہ نامور شخصیات کی افواج پاکستان کے ساتھ حمایت قومی اتحاد کی علامت ہے، اور اس وقت قوم کا ہر فرد دشمن کی سازشوں کے خلاف متحد ہے۔