ویب ڈیسک: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن اور قومی ترانے سے ہوا، جبکہ معرکۂ حق پر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری کا خطاب:
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ معرکۂ حق پاکستانی تاریخ کا سنہری باب ہے، جس میں قوم نے اتحاد، جذبے اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستانی سفارتکاروں نے مؤثر کردار ادا کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کبھی نہیں جھکتا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ:
مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کی میلی آنکھ کے جواب میں پوری قوم اور افواج متحد ہوئیں، اور پاکستانی افواج نے دشمن کے کئی طیارے مار گرائے، جس سے دشمن کو اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی تیاری مؤثر ثابت ہوئی اور معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی مضبوط پوزیشن قائم کی۔
شرجیل انعام میمن کا بیان:
سینئر وزیر نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور پاکستان کی دفاعی طاقت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا اور قوم کی حمایت میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں تمام شرکاء نے معرکۂ حق کی کامیابی کو قومی اتحاد اور قربانی کی علامت قرار دیا۔