ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ’ اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم‘ کے پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 50 ہزار کسان سرکاری زمین حاصل کر کے خود روزگار کے مواقع سے مستفید ہوں گے۔
اہلیت کے اصول:
1. بے زمین شخص یا دس مرلہ تک کے رہائشی پلاٹ کے مالک۔
2. اسی ریونیو اسٹیٹ کا حقیقی مستقل رہائشی جہاں متعلقہ ریاستی زمین واقع ہو۔
3. ایک خاندان ایک لاٹ کے لیے اہل ہوگا؛ وہ افراد جو پہلے کسی سرکاری الاٹمنٹ یا لیز اسکیم سے مستفید ہو چکے ہوں، اہل نہیں ہوں گے۔
4. وفاقی یا صوبائی حکومت، خودمختار ادارے، کارپوریشن کے ملازمین اور ان کے زیر کفالت اہل درخواست دہندگان اسکیم میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔
درخواست دینے کا طریقہ کار:
شیڈول کی اشاعت کے بعد درخواست دہندہ PELRA کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتا ہے، یا دستی طور پر اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں ریاستی زمین کی لیز کے لیے درخواست جمع کروا سکتا ہے۔
درخواستوں کا جائزہ اسکروٹنی اور مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، اور کلکٹر ضلع کی منظوری کے بعد اہل درخواست دہندگان کی فہرست کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے لیے PELRA کی ویب سائٹ پر آن لائن شائع کی جائے گی۔ یہ فہرست اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں بھی آویزاں کی جائے گی۔
انتخاب کا عمل:
کامیاب درخواست دہندگان کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔ بیلٹنگ کے بعد حتمی فہرست PELRA کی ویب سائٹ اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں شائع کی جائے گی۔ کامیاب درخواست دہندگان کو الاٹمنٹ کے احکامات جاری کیے جائیں گے اور زمین کی قبضہ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔