ویب ڈیسک: آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کے کارگو جہاز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، تاہم تمام عملہ محفوظ رہا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ پیر کی رات تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر پیش آیا، جب پاناما کے جھنڈے تلے چلنے والا کارگو جہاز ایچ ایم ایم نیمو متحدہ عرب امارات کے قریب لنگر انداز تھا۔ یہ جہاز جنوبی کوریائی کمپنی کے زیرِ انتظام چل رہا تھا۔
جہاز میں کل 24 افراد سوار تھے، جن میں 6 جنوبی کوریائی شہری اور 18 غیر ملکی عملہ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق رات 9 بجے تک تمام عملہ محفوظ ہونے کی تصدیق ہو گئی تھی اور جہاز فی الحال اسٹینڈ بائی پر ہے۔
جنوبی کوریا کے حکام نے بتایا کہ دھماکہ جہاز کے انجن روم کے بائیں حصے میں ہوا، جس کی اطلاع قریبی جہاز نے دی۔ تحقیقات جاری ہیں کہ نقصان کسی حملے کے نتیجے میں ہوا یا سمندر میں موجود بارودی سرنگ اس کا سبب بنی۔
واقعے کے بعد دفاعی وزارت، کوسٹ گارڈ اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔