ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا ہے کہ سارے کیسز آئینی عدالت میں نہ لے کر جائیں کچھ ہمارے پاس بھی رہنے دیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سوئی نادرن زائد بلنگ کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس کی نظرثانی ابھی زیر التوا ہے، 26ویں ترمیم کے بعد اب یہ کیس آئینی بینچ میں جائے گا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس میں کہا کہ اس کیس میں کوئی آئینی یا قانونی سوال موجود نہیں ہے، سارے مقدمات آئینی بینچز میں نہ لے کر جائیں، کچھ مقدمات ہمارے پاس بھی رہنے دیں۔
بعدازاں عدالت نے سوئی ناردرن زائد بلنگ کیس نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیے کہ زیر التوا نظرثانی کیس میں درخواست گزار سوال اٹھا سکتے ہیں۔