ویب ڈیسک: امریکی فلم انڈسٹری کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ ڈایان لیڈ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کی بیٹی اور معروف اداکارہ لورا ڈرن نے تصدیق کی کہ ڈایان لیڈ کیلیفورنیا میں اپنے گھر پر انتقال کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈایان لیڈ نے سات دہائیوں پر مشتمل شاندار فنی سفر میں متعدد یادگار کردار ادا کیے۔ وہ فلموں "ایلِس ڈز نٹ لِو ہئیر اینی مور", "وائلڈ ایٹ ہارٹ" اور "ریمبلنگ روز" میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث عالمی شہرت حاصل کر چکی تھیں۔
1991 میں ڈایان لیڈ اور ان کی بیٹی لورا ڈرن دونوں کو فلم "ریمبلنگ روز" کے لیے آسکر ایوارڈ میں ایک ساتھ نامزد کیا گیا — یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی اور واحد ماں بیٹی کی جوڑی تھیں۔ اپنی والدہ کے انتقال پر لورا ڈرن نے انہیں "سب سے بہادر، خوبصورت اور غیر معمولی فنکارہ" قرار دیا۔
1935 میں امریکی ریاست مسسی سیپی میں پیدا ہونے والی ڈایان لیڈ نے کم عمری میں ہی فنون لطیفہ کا سفر شروع کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ اور رقص سے کیا اور بعد ازاں ٹی وی سیریز "پیری میسن" اور "دی فیو جیٹو" میں کام کر کے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا۔
1995 میں انہوں نے فلم "مسز منک" لکھی، اس کی ہدایت کاری کی اور اس میں خود بھی اداکاری کی۔ 2010 میں وہ اپنے سابق شوہر بروس ڈرن اور بیٹی لورا ڈرن کے ہمراہ ہالی ووڈ واک آف فیم پر مشترکہ ستاروں سے نوازے گئیں۔
بیماری کے باوجود ڈایان لیڈ نے اپنی تخلیقی مصروفیات جاری رکھیں۔ 2023 میں انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ کتاب "ہنی، بیبی، مائن" لکھی، جو ماں بیٹی کے درمیان زندگی، محبت اور موت کے موضوعات پر مبنی جذباتی گفتگوؤں کا احاطہ کرتی ہے۔
ڈایان لیڈ کی وفات پر ہالی ووڈ کے مختلف اداکاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔