بھارت: ڈاکٹر نے محبوبہ کی خاطر اہلیہ کو بے ہوشی کی دوا دے کر قتل کر دیا

بھارت: ڈاکٹر نے محبوبہ کی خاطر اہلیہ کو بے ہوشی کی دوا دے کر قتل کر دیا
کیپشن: بھارت: ڈاکٹر نے محبوبہ کی خاطر اہلیہ کو بے ہوشی کی دوا دے کر قتل کر دیا

ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک سرجن نے اپنی محبوبہ کی خاطر اپنی ڈرماٹولوجسٹ اہلیہ کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل سرجن ڈاکٹر مہیندر ریڈی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی بیوی ڈاکٹر کروتھیکا ریڈی کو بے ہوشی کی طاقتور دوا کی زیادہ مقدار دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ جرم کرنے کے فوراً بعد مہیندر نے اپنی محبوبہ کو پیغام بھیجا، جس میں لکھا، "میں نے تمہارے لیے اپنی بیوی کو مار ڈالا ہے۔"

پولیس کے مطابق مہیندر ریڈی کی ملاقات اس لڑکی سے ایک ڈیجیٹل ادائیگی کی ایپ کے ذریعے ہوئی تھی، جو بعد میں محبت کے تعلق میں بدل گئی۔ تحقیقات کے دوران مہیندر کے موبائل فون کا فارنزک تجزیہ کیا گیا تو یہ پیغام سامنے آیا۔

حکام نے بتایا کہ واقعہ 21 اپریل کو پیش آیا، تاہم ملزم کو چھ ماہ بعد گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہیندر نے اپنی اہلیہ کو اس کے گھر میں پروپوفول نامی بے ہوشی کی دوا کی زیادہ خوراک دے کر قتل کیا۔

فارنزک رپورٹ میں مقتولہ کے جسم میں پروپوفول کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جو واضح طور پر مجرمانہ فعل کی نشاندہی کرتی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے گھر سے بھی متعدد اہم شواہد برآمد کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کی محبوبہ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے اور اس کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے، تاہم اس کی شناخت کو راز میں رکھا گیا ہے۔

واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب کروتھیکا ریڈی کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ ان کی بیٹی کا قتل ان کے داماد نے کیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Watch Live Public News