ویب ڈیسک: ٹریفک پولیس نے ای چالان جرمانوں کی بروقت ادائیگی پر شہریوں کے لیے 50 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا۔
اجلاس کی صدارت آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کی، جنہوں نے بتایا کہ 50 اقسام کی خلاف ورزیوں پر 5 ہزار روپے تک جرمانہ مقرر ہے، تاہم 14 روز میں ادائیگی کرنے والوں کو آدھی رقم ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے پر جرمانے میں بتدریج اضافہ ہوگا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اس وقت 59 خلاف ورزیاں مانیٹر کی جا رہی ہیں، جب کہ 9 سنگین خلاف ورزیوں — مثلاً ون وے، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور اوورٹیکنگ — پر 5 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر بھاری گاڑیوں کے جرمانے کو موٹر سائیکل یا کار سے منسوب کرنا غلط ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کراچی کے 11 مقامات پر ٹریفک شکایات مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔