عمران خان کیخلاف ہتک عزت کیس میں عطاء تارڑ کا بیان قلمبند

عمران خان کیخلاف ہتک عزت کیس میں عطاء تارڑ کا بیان قلمبند
کیپشن: عمران خان کیخلاف ہتک عزت کیس میں عطاء تارڑ کا بیان قلمبند

ویب ڈیسک: لاہور کی سیشن عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوسکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے وکلا نے عدالت سے مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان قلمبند کرایا۔ عطا تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سچ بولیں گے اور اگر غلط بیانی کریں تو اللہ ان سے ناراض ہو۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزار ایک عزت دار گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات سب کے سامنے ہیں، شہباز شریف 1988 میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

بانی پی ٹی آئی کے جونیئر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے سینئر وکیل محمد حسین چوٹیا اسلام آباد میں مصروف ہیں، اس لیے کیس کل تک ملتوی کیا جائے۔ تاہم عدالت نے ریمارکس دیے کہ گواہ کا بیان قلمبند کیا جائے گا اور اس میں کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر رشوت کا جھوٹا الزام عائد کرنے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

عدالت نے مزید سماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی۔

Watch Live Public News