27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت، مولانا فضل الرحمان کا پنجاب کا دورہ منسوخ

27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت، مولانا فضل الرحمان کا پنجاب کا دورہ منسوخ
کیپشن: 27ویں آئینی ترمیم پر مشاورت، مولانا فضل الرحمان کا پنجاب کا دورہ منسوخ

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 27ویں آئینی ترمیم اور دیگر سیاسی معاملات پر مشاورت کے لیے لاہور کا دورہ منسوخ کرکے اسلام آباد پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج لاہور میں آئمہ مساجد کے حکومتی وظائف کے خلاف حکمتِ عملی سے متعلق اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے، تاہم انہوں نے اسلام آباد میں سیاسی قیادت سے مشاورت کو ترجیح دی۔

جے یو آئی (ف) ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان چنیوٹ اور ملتان میں اپنے طے شدہ پروگرام مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہوئے، جب کہ لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے طے شدہ ملاقاتیں بھی ملتوی کر دی گئیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے میں متعدد شقوں میں تبدیلی کی تجاویز شامل ہیں، جن میں آرٹیکل 160، 191 اے اور 243 سمیت دیگر دفعات میں ترمیم اور نئی آئینی عدالتوں کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت تعلیم اور آبادی کے محکموں کو وفاق کے ماتحت کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جو اٹھارویں آئینی ترمیم میں شامل صوبائی اختیارات سے متعلق دفعات میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

Watch Live Public News