ویب ڈیسک: فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوگئی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا دیا ، فیصل آباد میں ہونے والے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 49.1 اوورز کھیل کر 263 رنز بنائے، جبکہ جواب میں پاکستان نے ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے شروعات میں مضبوط آغاز کرتے ہوئے 98 رنز کی شراکت داری قائم کی، پہلی وکٹ پریٹوریس کی صورت میں گری، جو 57 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دوسری وکٹ کوئنٹن ڈی کوک کی گری، انہوں نے 63 رنز اسکور کیے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی پہلی بار ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور انہوں نے اسے اعزاز قرار دیا۔
پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی، سلمان علی آغا نے 62 رنز کی اننگز کھیلی ، محمد رضوان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی ، فخر زمان کے 45 ،صائم ایوب نے 39 رنز سکور کیے ۔
حسین طلعت نے 22 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نواز نے 9 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم صرف 7 رنز ہی سکور کر سکے، جنوبی افریقہ کے فریرا اور نگیدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ فیصل آباد میں آخری بین الاقوامی میچ 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہوا تھا۔