اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ’’دی گارڈین‘‘کو انٹرویو دیتے ہو کہا کہ عمران خان زمین پر سب سے بڑا جھوٹا ہے، اس نےملک اور بیرون ملک نقصان پہنچایا، عمران خان نے بغیر کسی وجہ کےامریکا کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچایا، ان جھوٹوں کی وجہ سے ملکی ساکھ بہت زیادہ متاثر ہوئی، عمران خان نے معاشرے میں زہر پھیلادیا ہےاور ایسی تقسیم پھیلائی جو کبھی نہ تھی، ابھی بھی حقائق کو توڑ مروڑ کو نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےبرطانوی اخبار ’’دی گارڈین‘‘کوانٹرویومیں کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی ایجنڈے کےلئے کرپشن کے خاتمے کو اپنا منشور بنا کر پیش کیا لیکن وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے زیادہ ناتجربہ کار،خود پسند، انا پرست اورناپختہ سیاست دان ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ لیک ہونے والی آڈیوز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے اور یہ بات میں خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے لئے شرمندگی اورتشویش کا باعث ہے کیونکہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے اورمقاصد کےلئے بولے گئے جھوٹ سے ہمارے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پراس وقت حیران رہ گئے جب کئی عالمی رہنمائوں نے ان سے ملاقات کے دوران عمران خان کے رویے کا ذکر کیا، بعض رہنمائوں نے مجھے عمران خان کی شخصیت کے حوالے سے ذاتی طور پر آگاہ کیا کہ وہ (عمران خان) ناشائستہ رویے کے حامل ، جھوٹے اور خود پسند تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو اپنے تمام دانستہ مجرمانہ اقدامات کے لئے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس سے قبل کبھی ملک کے مستقبل کے حوالے سے پریشان نہیں تھے، عمران خان نے معاشرے میں اتنی نفرت اور زہر بھر دیا ہےجو اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور معاشرے میں نفرت پھیلاتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کےچین کے ساتھ قریبی تعلقات کودوبارہ سے بہتر بنائیں گے جنہیں عمران خان کی طرف سے چین پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) کو مبینہ طور پر روکے جانے کے باعث نقصان پہنچا۔انہوں نے اس منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نومبرمیں چین، جو پاکستان کا سب سے زیادہ آزمودہ دوست ہے ، کا دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی بہتری کےلئے ایک اچھا منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے حکومتی امورمیں مشاورت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف ان کے رہنما اور بڑے بھائی ہیں اور وہ ان سے مشورہ کرتے ہیں لیکن انہوں نے مجھے فیصلے کرنے کےلئے مکمل اختیاردیا ہوا ہے۔خاندانی سیاست کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ایک سوال کےجواب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ خاندانی سیاست کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ اہلیت، عوامی حمایت اورعوام کا اعتمادجیتنے کی بات ہے.