اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
بڑے دریاؤں بشمول دریائے جہلم، راوی، ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب میں بارشوں کا امکان ہے۔
خیبر پختونخواہ میں چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔ مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ابیٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ میں کراچی، جامشورو، ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا خدشہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ شہری موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کیلئے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے رہنمائی لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ مقامی انتظامیہ ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔