ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئیر اداکارہ سندھیا شنتارام طویل علالت کے بعد آج جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ہندی سینما کا ایک بڑا نام تھیں انھیں کلاسیکل رقص پر بھی عبور حاصل تھا۔ ان کو جاندار اداکاری اور کلاسیکل رقص کے باعث بھارت بھر میں پذیرائی ملی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ مداحوں کے دلوں میں گھر کر گئیں۔
فلم ’پنجرہ‘ سے ان کے حصے میں وہ لازوال شہرت آئی جو آج بھی فلم بینوں کو اپنا گرویدہ بنائے ہوئے ہے۔ پنجرہ کے علاوہ سندھیا شنتارام نے ’جھنک جھنک پائل باجے‘ اور ’دو آنکھیں بارہ ہاتھ‘ جیسی ناقابل فراموش فلمیں دیں۔ انھوں نے متعدد فلمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔
وہ معروف فلم ساز وی شنتارام کی اہلیہ بھی تھیں۔ اعلیٰ حکومتی حکام، شوبز شخصیات اور مداحوں کی ان کی رحلت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔