ویب ڈیسک: بھارتی ٹی وی اداکار آشیش کپور کو خاتون سے زیادتی کے الزام میں نئی دہلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گرفتاری بدھ کے روز عمل میں آئی۔
ایف آئی آر کے مطابق آشیش کپور کی متاثرہ خاتون سے انسٹاگرام پر جان پہچان ہوئی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے اسے اپنے دوست کے گھر پارٹی میں مدعو کیا، جہاں خاتون نے الزام لگایا کہ اداکار نے واش روم میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ابتدائی طور پر درج ایف آئی آر میں خاتون نے آشیش کپور کے ساتھ ساتھ ان کے دوست، دوست کی بیوی اور 2 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا تھا، تاہم بعد میں بیان بدلتے ہوئے کہا کہ زیادتی صرف آشیش کپور نے کی۔
خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی تھی، مگر پولیس کو اب تک کوئی فوٹیج نہیں ملی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ آشیش کپور بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے جانے پہچانے چہرے ہیں اور متعدد ڈراموں میں کام کرچکے ہیں، جن میں لوو میرج یا ارینج میرج، دیکھا ایک خواب اور چاند چھپا بادل میں شامل ہیں۔