ویب ڈیسک: دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں مزید اضافے کے بعد درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 57 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی، نواب شاہ میں سکرنڈ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ بتدریج بڑھنے لگا، کچے کے 20 سے زائد دیہات زیرآب آگئے، اوباڑو میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار، پانی کی آمد 32 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب، سندھ رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی مانیٹرنگ سیل نے دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی آمد و اخراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے۔ محکمہ آبپاشی سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 357,196 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 337,746 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد 302,270 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 245,220 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی آمد ابھی بھی 251,558 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم میں اخراج 222,553 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تریموں میں پانی کے بہاو میں کچھ کمی کے بعد آمد و اخراج 265,837 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ پنجند اپ اسٹریم میں پانی کی آمد ابھی بھی 159,662 کیوسک ہے جبکہ بہاو میں کچھ اضافے کے بعد اخراج 155,060 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں سیلابی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے ہر ممکن اقدامات کے لیے تیار ہیں۔