چار سال بعد پروٹیز کی پاکستان آمد، ٹیسٹ سیریز سمیت مکمل شیڈول تجویز

چار سال بعد پروٹیز کی پاکستان آمد، ٹیسٹ سیریز سمیت مکمل شیڈول تجویز
کیپشن: چار سال بعد پروٹیز کی پاکستان آمد، ٹیسٹ سیریز سمیت مکمل شیڈول تجویز

ویب ڈیسک: جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم طویل انتظار کے بعد ایک بار پھر پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ چار سال سے زائد عرصے بعد ہونے والی اس سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا ہے، جس میں تمام فارمیٹس کے میچز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول کیا گیا ہے۔ اس طرح جنوبی افریقی ٹیم پاکستان میں ایک مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، جو کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے مقابلوں کا آغاز 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 31 اکتوبر اور 2 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی یہ طویل عرصے بعد واپسی ہوگی، جس پر مقامی شائقین بے حد پرجوش ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 5 نومبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں متوقع ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 8 اور 9 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی وفد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں ملتان کا معائنہ نہیں کیا، اس لیے وہاں میچ کے انعقاد کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ شیڈول ابھی حتمی نہیں ہے اور دونوں بورڈز (پی سی بی اور کرکٹ ساؤتھ افریقہ) کے درمیان مشاورت کے بعد ہی باضابطہ منظوری دی جائے گی۔ تاریخوں اور وینیوز میں رد و بدل کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم نے آخری بار جنوری–فروری 2021 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت کوئنٹن ڈی کاک کی قیادت میں پروٹیز کو ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست ہوئی تھی۔

اس سیریز کی خاص بات فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں میچز کا انعقاد ہے۔ اس سے قبل مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی فیصل آباد میں شیڈول کیے گئے تھے، جس سے 17 سال بعد اس اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہونا تھی، لیکن بعد میں پی ایس ایل شیڈول کی وجہ سے تمام میچز لاہور منتقل کر دیے گئے۔

رواں ماہ جنوبی افریقی ویمنز ٹیم بھی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، جسے سیریز سے قبل ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News