وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو کی اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو کی اہم ملاقات
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو کی اہم ملاقات

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار، سفیر اولارا اوتونو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی؛ ان کے ہمراہ یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی اور یوگنڈا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر روہاکانا روگونڈا بھی موجود تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، خصوصی معاون طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کثیر الجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم اور کثیر الجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنا انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں—امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق—پر مربوط اور متوازن انداز میں اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

سفیر اولارا اوٹونو نے کثیر الجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں کی پاسداری کے لیے پاکستان کی دیرینہ اور نمایاں خدمات کو بے حد سراہا، اور ساتھ ہی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے جاری کوششوں میں پاکستان کی قیادت اور کلیدی کردار کی بھی تعریف کی۔

Watch Live Public News