ایف آئی اے کی ملتان ایئرپورٹ پر تاریخی کارروائی، 16 کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ایف آئی اے کی ملتان ایئرپورٹ پر تاریخی کارروائی، 16 کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
کیپشن: ایف آئی اے کی ملتان ایئرپورٹ پر تاریخی کارروائی، 16 کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

پبلک نیوز: ایف آئی اے کے امیگریشن سیل نے ملتان ایئرپورٹ پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 16 کلو سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلا ت کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر کے سامان سے 16 کلو سونا برآمد کر لیا گیا، جس میں سونے کی مختلف وزن کی 10 اینٹیں شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم  محمد تنویر فلائی دبئی کی پرواز نمبر ایف زیڈ 340 کے زریعے دبئی جا رہا تھا، ملزم نے امیگریشن کلیئرنس کے لیے اپنا پاسپورٹ کاؤنٹر پر پیش کیا، وہ دوران امیگریشن پوچھے گئے سوالات پر حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بار بار ٹریول کرنے پر ملزم کے سامان کو چیکنگ کے لیے منگوایا گیا، دوران تلاشی ملزم کے سامان سے 16 کلو گرام سونا برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم کا سامان تمام متعلقہ اداروں سے کلیئر ہونے کے بعد چیک کیا گیا، ملزم نے بیگ کے خفیہ خانوں میں سامان چھپایا ہوا تھا، گرفتار ملزم کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

ملزم کی معاونت کرنے والے عناصر کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لئے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ملتان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔دوران تفتیش مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔