ویب ڈیسک: لاہورہائیکورٹ سے عمران خان کیلئے اچھی خبرآگئی۔ 9 مئی مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ 10 اپریل کو کیس پر سماعت کرے گا۔عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹرز کو دلائل دینے کیلئے طلب کررکھا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے نو مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانتیں دائر کیں، جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے ’ایکس‘ کی بندش کے خلاف دائر درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 8 اپریل کو سماعت کرے گا، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ شامل ہیں، عدالت نے چیئرمین پی ٹی اے سے تفصیلی جواب طلب کر رکھا ہے۔