اسپیکر قومی اسمبلی کا شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا عندیہ

اسپیکر قومی اسمبلی کا شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا عندیہ
کیپشن: اسپیکر قومی اسمبلی کا شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا عندیہ

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم گزشتہ چالیس روز سے مسلسل غیر حاضر ہیں اور انہوں نے چھٹی کی کوئی باقاعدہ اطلاع نہیں دی۔

اسپیکر نے یاد دلایا کہ آرٹیکل 64 کے تحت اگر کوئی منتخب رکن مسلسل 40 دن ایوان کی کارروائی میں شرکت نہ کرے تو اسپیکر غیرحاضری کا نوٹس لے کر متعلقہ نشست کو خالی قرار دینے کا اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رول 40 کے مطابق بھی مسلسل غیر حاضری پر یہ کارروائی کی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے اس اقدام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کی تاریخ میں کوئی ایک مثال نہیں ملتی کہ کسی رکن کو چھٹی نہ لینے پر نشست سے محروم کر دیا گیا ہو۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کے مطابق عمر ایوب کو صرف اس لیے سزا دی گئی کہ وہ بانی چیئرمین تحریک انصاف کے قریبی ساتھی ہیں، جبکہ زرتاج گل کو بھی آواز اٹھانے کی سزا دی گئی۔ عامر ڈوگر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں پی ٹی آئی کے 10 ارکان کو مختلف مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔

جواب میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے یاد دہانی کروائی کہ سابق اسمبلی کے دور میں محمد میاں سومرو کو طویل غیرحاضری پر اپنی نشست سے محروم ہونا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے اور رولز پر عملدرآمد ضروری ہے۔

عامر ڈوگر نے اس پر موقف اپنایا کہ شیخ وقاص اکرم نے اسپیکر کے دفتر میں چھٹی کی درخواست بھیجی تھی مگر اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

بحث کے دوران وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کھڑے ہو گئے اور کہا کہ ایوان کی حرمت اور وقار قائم رکھنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن، دونوں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط پر سیاسی مفاد کے بجائے اصولی بنیادوں پر عمل ہونا چاہیے تاکہ پارلیمان کا اعتماد بحال رہ سکے۔

Watch Live Public News